۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
کانفرنس

حوزہ/ محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی مرحوم کی یاد میں سکردو میں "جادہ علم و عمل" کے عنوان سے کانفرنس منعقد کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی مرحوم کی یاد میں سکردو میں "جادہ علم و عمل" کے عنوان سے کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں بلتستان کے جید علماء، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی کثیر تعداد شریک ہوئی، کانفرنس میں علماء اور دانشوروں نے اپنے مقالات اور تقاریر کے ذریعے زندگی کے مختلف شعبوں میں محسن ملت کی گراں قدر خدمات پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس کے دوران قائد بلتستان علامہ شیخ محمد حسن جعفری، سابق سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد، اپوزیشن لیڈر کاظم میثم، سینیئر صحافی و مصنف محمد قاسم نسیم، بلتستان یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین ذاکر، مسلم لیگ نون کے صوبائی ترجمان اشرف صدا سمیت دیگر مقررین نے اپنے مقالات پیش کیے اور محسن ملت کی گراں قدر خدمات کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ یوں تو قرآن کی تفاسیر بہت سی ہیں، لیکن شیخ محسن نجفی کی تفسیر قرآن کو خاص مقام حاصل ہے۔ قرآن فہمی کے حوالے سے مفسر قرآن شیخ محسن نجفی کو انفرادیت حاصل ہے۔

اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کاظم میثم نے کہا کہ محسن ملت نے نہ صرف تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں عوام کی خدمت کی بلکہ نوجوانوں کے فکری جمود کو توڑنے اور انہیں بیدار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

سینیئر صحافی محمد قاسم نسیم نے میڈیا اور عصری علوم کے حوالے سے اپنے مقالے میں کہا کہ علامہ محسن نجفی نے ایک ایسے عہد میں رسالوں کا اجراء کیا، جب ملک میں طبعات کے ذرائع اتنے آسان نہیں تھے۔ سابق سپیکر فدا محمد ناشاد نے پنے مقالے میں شیخ محسن کی تعلیمی سفر اور پھر ملت کی خدمات میں سرگرداں ہونے تک کی مختصر تاریخ پر روشنی ڈالی۔

مسلم لیگ نون کے صوبائی ترجمان محمد اشرف صدا نے اپنی تقریر میں کہا کہ شیخ محسن سے جب بھی ہماری ملاقات ہوئی، اس دوران میں نے محسوس یہ کیا کہ شیخ محسن ہمیشہ لوگوں کو حوصلہ دیتے تھے اور ان کی ہمت بڑھاتے تھے اور بہت عاجزی کے ساتھ رہنمائی فرماتے تھے۔ بلتستان یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین ذاکر نے اپنے مقالے میں جدید تعلیم کیلئے محسن ملت کی گراں قدر خدمات کو اجاگر کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .